Wednesday, March 2, 2016

حضرت مولانا مفتی ابولبابہ شاہ منصور مدظلہ (کراچی)


بینادی طور پر وادی نیلم کے رہنے والے ہیں۔علامہ انور شاہ کشمیریؒ حضرت مفتی صاحب کے دادا کے بھائی تھے۔مفتی صاحب کے والد ہجرت کر کے کراچی میں آباد ہوگئے۔مفتی صاحب کی پیدائش کراچی ہی میں ہوئی۔ابتدائی تعلیم جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی سے حاصل کی اور یہیں سے مفتی ولی حسن ٹونکیؒ کے پاس دورہ حدیث کیا۔تخصص جامعہ فاروقیہ میں مفتی نظام الدین شامزئی شہیدؒ سے کیا۔پھر وہیں افتاء کے شعبےمیں خدمات سرانجام دیتے رہے۔اب تقریباً 15 سال سے جامعۃ الرشید میں بڑی محنت ، مجاہدے اور سرگرمی سے دین کے کئی شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔حضرت جی دامت برکاتہم کی صحبت میں رہنے کے لیے عموماً رمضان کے آخری عشرے میں معہد الفقیر تشریف لاتے ہیں۔بعض اوقات عید الفطر بھی یہیں گزارتے ہیں۔اپنی اصلاح و تربیت کے لیے شیخ کی خانقاہ کی مختلف خدمات بھی سر انجام دیتے ہیں۔سنا گیا ہے کہ بعض اوقات رات کو اٹھ کر شیخ کی خانقاہ کے باتھ روموں کی صفائی بھی شروع کر دیتے ہیں۔اس طرح اپنے آپ کو مٹانے کی کوشش کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی میں مٹانے کی توفیق عطا فرمائے۔

مٹا  دے اپنی  ہستی  کو  اگر  کچھ  مرتبہ  چاہے

کہ دانہ خاک میں مل کئ گل و گلزار ہوتا ہے

کئی سال خانقاہ میں حضرت شیخ کی صحبت میں آتے جاتے رہے۔معمولات کی پابندی کرتے رہے۔اپنے حالات و کیفیات سے حضرت شیخ کو مطلع کرتے رہے۔آخر کار حضرت جی دامت برکاتہم نے 2003ء میں اجازت و خلافت کی ذمہ داری سونپی۔

افتاء کی خدمات:

ٍ1- اشاریہ فتاویٰ شامی کو "فتح الغفار" کے نام سے لکھا، جو حضرت جی کے بقول ایک بہت بڑا کام ہے۔جس کی وجہ سے"فتاویٰ شامی" میں مسئلہ ڈھونڈنے میں بہت آسانی پیدا ہوگئی ہے۔

2-"آداب فتوی نویسی" جس میں فتویٰ لکھنے کا طریقہ اور سلیقہ بتایا گیا ہے۔متحصصین کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔

تدریسی خدمات:

تدریسی خدمات میں بخاری شریف اور ہدایہ شریف کا درس بہت مشہور ہے۔جس کے لیے طلبا دور دراز سے کھنچ کھنچ کر آتے ہیں۔"درس جغرافیہ قرآنی" کا بھی درس دیتے ہیں۔

قرآن حکیم کی خدمات:

قرآن حکیم کی خدمات کے سلسلے میں "قرآنی عربی کورس" بہت مقبول کتاب ہے۔معاشرے کے مختلف طبقات میں اس کورس کو بہت پذیرائی حاصل ہوئی۔یہ کورس زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کروانا چاہیے، تاکہ قرآن سمجھنا سمجھانا آسان ہوسکے اور پھر اس پر عمل کرنا بھی آسان ہوسکے۔

مغوی تو ملیں گے تمہیں شیطان سے بہتر

ہادی   نہ  ملے  گا  کوئی  قرآن  سے  بہتر

صحافت میں خدمات:

"ضرب مومن" میں عرصہ دراز سے مستقل کالم لکھ رہے ہیں جو کہ اب مختلف کتابی شکلوں میں بھی چھپ چکے ہیں۔جن میں دجال سیریز کو کافی پذیرائی حاصل ہوئی۔علماء کرام کو صحافت کی تربیت دینے کے لیے ایک سالانہ کورس بھی ترتیب دیا ہے۔

عربی زبان کی خدمات:

حفاظ کرام کو ابتدا ہی سے عربی سکھانے کے لیے عربی بول چال کا ایک کورس ترتیب دیا ہے اور علماء کرام کے لیے عربی بول چال  میں مہارت  پیدا کرنے کے لیے مختلف عرب علماء کے ساتھ مل کر ایک سالانہ کورس کرواتے ہیں۔حضرت مولانا محمد اسلم شیخوپوریؒ آپ کو مختلف قسم کے تخصصات کروانے کی وجہ سے "بابائے تخصص" کے نام سے یاد فرماتے تھے۔

مختلف شرعی تربیتی پروگرامز:

حج پروگرام، زکوٰ تربیتی پروگرام، رؤیت ہلال کے متعلق مباحث،نقشوں اور پروجیکٹر کی مدد سے بہت دلچسپ اور آسان انداز سے سمجھاتے ہیں۔

تصنیفی خدمات:

حضرت مفتی صاحب تقریباً 25 کتابیں مختلف موضوعات پر لکھ چکے ہیں، جن میں

"خواتین کا معلم،تسہیل بہشتی زیور،بسنت کیا ہے؟،تسہیل السراجی، حاشیہ شرح عقود، آدابِ فتویٰ نویسی، ارض حرمین،حج کیا ہے؟، عمرے کا طریقہ،آثار مقدسہ وغیرہ وغیرہ شامل ہیں۔

نسبت کی خدمات:

نسبت کی اشاعت کے لیے وقتاً فوقتاً اصلاحی بیانات فرماتے رہتے ہیں۔آس اکیڈمی لاہور،دارالعلوم تعلیم و تربیت حاصل پور میں سلسلہ کی خدمت کے لیے مختلف اوقات میں تشریف لے جاتے ہیں۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔