Tuesday, March 15, 2016

مجالسِ فقیر

یہ حضرت جی دامت برکاتہم کی بڑی گراں قدر مجالس کا مجموعہ ہے، جو کہ حضرت جی دامت برکاتہم کی صحبت مبارکہ میں بیٹھ کر لکھا جاتا رہا ہے۔صحبت شیخ کی تاثیر ان مجالس میں لکھے گئے کلمات کے اندر بھی سرایت کر گئی ہے، اس لیے یہ الفاظ دل پہ جا کے اثر کرتے ہیں اور دلوں کو بدلنے کا باعث بن جاتے ہیں۔
ہر مجلس کا موضوع اور ذیلی سرخیاں بھی ہیں۔ان مجالس کی تاثیر کو یہ عاجز قلم کی زبان سے بیان کرنے سے قاصرہے۔اس عاجز کی عادت ہے کہ حضرت جی دامت برکاتہم کی تصانیف کو زیادہ سے زیادہ زیر مطالعہ رکھا جائے، مگر بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کوئی کتاب چھپوانے کے بعد اس کو پڑھنے کے مواقع کم ہی نصیب ہوتے ہیں اور کسی نئی کتاب کا کام شروع ہوجاتا ہے،مگر یہ ملفوظات ایسے ہیں کہ سستی دور کرنے کے لیے بار بار یہ عاجز ان کو پڑھتا رہتا ہے۔
جس طرح صحبت ِ شیخ سے ہزاروں کی زندگیاں بدل گئی ہیں اسی طرح مجالسِ فقیر بھی انشاء اللہ بہت سے لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب لانے کا باعث ہوں گے۔اللہ تعالیٰ کی محبت سیکھنے کا گُر اللہ والوں کی صحبت میں رہ کر سیکھنا پڑتا ہے۔
ان سے ملنے کی ہے یہی اک راہ
کہ ملنے والوں سے  راہ  پیدا  کر
یہ مجالس حضرت جی دامت برکاتہم کی نجی تربیتی مجالس کا مجموعہ ہیں جو کہ دورانِ سفر بھی لکھی گئیں اور ان میں سفر کی زبردست برکات بھی محسوس ہوتی ہیں۔کبھی کسی نے سوال کیا تو اس کے جواب میں کچھ ارشاد فرمایا، کبھی کسی کی کوئی غلطی پر روک ٹوک کرکے اصلاح کردی،کبھی کسی کو کوئی ترغیب دے کر اصلاح کردی، بہر حال یہ مجالس حقیقت میں تربیتی مجالس ہیں۔اگر کسی کو حضرت کی مجالس میں جانے کے کم مواقع ملتے ہیں تو یہ مجالس اس کمی کو دور کرتی ہیں اور سالک کی بہت سی باتوں کی اصلاح کر دیتی ہیں۔یہ تجربہ شدہ باتیں ہیں ، کوئی ہوائی باتیں نہیں ہیں۔اس لیے ان مجالس سے اپنی اصلاح و تربیت کے سلسلے میں بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔یہ تقریباً دس جلدوں تک شائع ہوگئی ہیں۔

مجالس کے متعلق زندگی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی آراء:

حضرت مولانا قاسم منصور مدظلہ:

"مجالس فقیر" کے اندر عجیب معارف و نکات بیان ہوئے ہیں، جو کسی عبقری شخصیت سے ہی صادر ہو سکتے ہیں۔اس لیے اپنی تربیت کی خاطر ہر ایک کو ان کا مطالعہ کثرت سے کرنا چاہیے۔

حضرت مولانا صاحبزادہ حافظ حبیب اللہ مدظلہ:

"مجالس فقیر" کے مطالعہ سے اپنی اصلاح کی فکر پیدا ہوتی ہے ، کیونکہ اس میں بہت سے لوگوں کی اصلاح کے متعلق باتیں ہوتی ہیں۔

حضرت مولانا صاحبزادہ حافظ حبیب اللہ مدظلہ:

ابو جی کی مجالس واقعی اصلاحی ہوتی ہیں اور بندے کو اپنی خطاؤں کا احساس ہونے لگتا ہے۔

حضرت مولانا مفتی غلام رسول مدظلہ:

"مجالس فقیر" پڑھنے سے یہ محسوس ہوتا ہے گویا حضرت جی دامت برکاتہم کی مجلس میں بیٹھے ہیں۔جس کو صحبتِ شیخ میسر نہیں وہ مجالس کا مطالعہ کرے تو اسے صحبتِ شیخ کے بہت سے فوائد حاصل ہوں گے۔

فقیر محمد اسلم نقشبندی مجددی:

"مجالس فقیر" کا لکھنا  محض اور محض  اللہ کا  فضل ہے اور اس کے فوائد راقم کو اتنے حاصل ہوئے ہیں کہ جس کا گننا مشکل ہے۔یقین کریں کہ مجالس لکھتے اور پڑھتے وقت قلبی سکون حاصل ہوتا ہے جس کا ہر بندہ متلاشی ہے۔پریشانیوں کے حل کے لیے ہر روز ایک مجلس پڑھنا  ایک بہترین ٹانک ہے۔جس طرح صحبتِ شیخ سے ہزاروں زندگیاں بدل گئی ہیں اسی طرح ان صحبتوں میں لکھی گئی مجالس سے بھی ہزاروں لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے، بشرطیکہ انہیں اصلاح کی نیت سے پڑھا جائے۔"مجالس فقیر" کے مطالعے سے اللہ تعالیٰ کی محبت و معرفت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔کیونکہ مجالس کے دل میں جو کچھ ہوگا وہی اثر پس بیٹھنے والوں پر پڑے گا۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔